Readymade Art
مارشل ڈوشیمپ ہی وہ فنکار ہے جو "ریڈی میڈ آرٹ" کی اصطلاح کے حوالے سے سب سے زیادہ اہم جانا جاتا ہے ۔
Duchamp
کی "ریڈی میڈز" محض روزمرہ کی چیزیں تھیں جنہیں اس نے آرٹ کے طور پر منتخب اور پیش کیا، بنیادی طور پر یہ دلیل دی کہ یہ آرٹسٹ کا انتخاب ہے جو کسی عام چیز کو تخلیقی آرٹ کی حیثیت تک بڑھا سکتا ہے۔
"فاؤنٹین" اس کے دستخط کے ساتھ سرامک یورین پوٹ ، ریڈی میڈ آرٹ کی ایک مشہور ترین مثال اور اسے ہی "ریڈی میڈ آرٹ" کے دور کی ابتدا قرار دیا گیا
جس کی اہم ترین خصوصیت آرٹ میں کسی شے کا ہونا نہیں بلکہ کانسپٹ کی اہمیت کا ہے ۔
لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس کے بعد ہم ایسے پوسٹ ریڈی میڈ یا پوسٹ کونسپچول دور میں داخل ہو گئے ہیں جو ،
"ادھورے خیال"
"ادھوری بات"
کا دور ہے ۔
ہم نہ سوچنے نہ کسی کی مکمل بات سننے کا وقت رکھتے ہیں ،
نہ مختصر بات سمجھنے کی اہلیت ،
تو اب ہمیں ایسی چند بھرے اور زیادہ خالی خانوں والی باتیں اچھی لگتی ہیں جن میں ہم اپنی مرضی کے معنی و رنگ بھر سکتے ہیں ۔
جب ایسی صورتحال کا دور آ جائے تو پھر یہ تو بہت مشکل ہوتا ہے کہ کوئی اپنی مکمل بات کہنے یا کوزے میں دریا کو بند کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو ،
لہذا کسی کی بات کوئی سمجھتا ہی نہیں ،
گزشتہ روز ایک قابل احترام دوست نے فلسفے کے گروپ میں شامل کیا میں معذرت کر کے نکل آیا کہ اب میں خالصتاً صرف
ویژول آرٹ پر ہی بات کرنا چاہتا ہوں
لیکن سوچ رہا تھا کہ اگر کسی دوست نے یہ کہہ دیا کہ بھئی فلسفہ ویژول آرٹ سے باہر کہاں ہے ؟
تو میں کیا جواب دیتا ؟
لیکن جواب میں جو بات میری نہ سمجھی جاتی وہ یہ تھی کہ فلسفے کے نام پہ تو ہم کرتے ہی ادھوری باتیں تھے جو اب وہ بھی نہیں کرتے سوائے اپنی ہی کہی بات سے متصادم باتوں کے۔
جیسے بہت مدت سے ہم دوستوں کو کہتے ہیں کہ سیاست پہ بات نہ کی جائے ،
جبکہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہی سیاست ہے ،
لیکن بتائیے کہ اس پہ کتنے فیصد لوگ مکمل بات کرنے سننے سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ؟
آج پوری دنیا میں مسلمان ایک خراب ترین دور سے گزر رہے ہیں ،
لیکن اس پہ جامع بات کیسے ہوگی ؟
پاکستان کو دیکھیے تو ناپید امن امان سے لے کر انصاف قانون خراب معیشت میں مہنگائی اور بے روزگاری کا انبار ہے ،
لیکن اس کے اسباب اور حل پر مکمل بات کون کرے گا کون سمجھے گا ؟
سوائے ایک دوسرے کا گریبان پکڑنے اور سر پھٹول کے ۔ ۔ ۔
میں اکثر کسی نہ کسی اپنی تحریر میں آرٹ کے حوالے سے کوئی نہ کوئی سوال کرتا ہوں تو دوست جواب ہی نہیں دیتے ،
جس میں اطمینان حاصل کرنے کے لیے میرے پاس سوائے اس خوش فہمی کے اور کوئی چارہ نہیں ہوتا کہ شاید میری باتوں کا کسی کے پاس جواب ہی نہیں ہوتا ۔
لیکن میں آج پھر سوال رکھے دیتا ہوں بتائیے اب جو بھی پاکستان کی صورتحال ہے اس میں فنکار دوست کیا کر سکتے ہیں ؟
شاہد حسین
4 جنوری 25