Tuesday, October 13, 2026

مادری زبان اور اے آئی

 اے آئی سے سوال وجواب ،

سوال؛ جن خطوں میں بچوں کو کسی ایک زبان میں تعلیم حاصل کرنی ہوتی ہے ذہنی طور پر وہ زیادہ ترقی کرتے ہیں یا جنہیں ابتدا سے ہی تین چار زبانیں سیکھنی پڑتی ہیں وہ ذہنی طور پر زیادہ ترقی کرتے ہیں ؟


جواب: یہ ایک زبردست سوال ہے جس کے بارے میں ماہرین کافی تحقیق کرتے رہتے ہیں۔


عام طور پر، تحقیق بتاتی ہے کہ کثیر لسانی بچے (جو ایک سے زیادہ زبانیں سیکھتے ہیں) ذہنی طور پر کئی طریقوں سے فائدہ اٹھانے میں بہتر رہتے ہیں:


 علمی لچک (Cognitive Flexibility)

 ایک سے زیادہ زبانوں کو جاننے والے بچے آسانی سے ایک کام سے دوسرے کام پر منتقل ہو سکتے ہیں اور مختلف نقطہ نظر سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔  ان میں مسائل حل  کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکتی ہے کیونکہ وہ مختلف لسانی ڈھانچے میں سوچنے کے قابل ہوتے ہیں۔ 

اسی طرح ایک سے زیادہ زبانوں کے درمیان سوئچ کرنے کی وجہ سے، ان میں توجہ کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے اور وہ غیر متعلقہ معلومات کو نظر انداز کر سکتے ہیں۔   کچھ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کثیر لسانی افراد مختلف زبانوں میں سوچنے سے بہتر فیصلے کر سکتے ہیں کیونکہ وہ ہر زبان سے وابستہ تعصبات سے بچنے کے قابل ہوتے ہیں۔ 

 مزید یہ کہ ابتدائی طور پر ایک سے زیادہ زبانیں سیکھنا بعد کی عمر میں علمی زوال اور ڈیمنشیا کے آغاز میں تاخیر سے بھی منسلک کیا گیا ہے. 

جہاں تک ایک زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا تعلق ہے، وہ بھی اپنی زبان میں گہرائی حاصل کرتے ہیں اور علمی ترقی کرتے ہیں۔ تاہم، ابتدائی عمر میں کثیر لسانی ماحول کا حصہ بننا ذہنی صلاحیتوں کے کچھ شعبوں میں اضافی فوائد فراہم کر سکتا ہے۔

بہت زیادہ زبانوں کا اچانک تعارف (جیسے کہ ایک ہی وقت میں تین چار زبانیں) شروع میں بچے کے لیے چیلنجنگ ہو سکتا ہے، لیکن عام طور پر، دماغ کی اس سے نمٹنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے، خاص طور پر اگر یہ سب کچھ قدرتی اور مددگار ماحول میں ہو. اہم بات یہ ہے کہ بچوں کو ہر زبان میں مہارت حاصل کرنے کے لیے کافی موقع اور وسائل ملیں۔

لہٰذا، مجموعی طور پر، ابتدائی عمر سے ہی ایک سے زیادہ زبانیں سیکھنے والے بچے ذہنی طور پر زیادہ ترقی کرتے نظر آتے ہیں، خاص طور پر علمی لچک اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کے حوالے سے۔

اگر آپ اس بارے میں مزید گہرائی میں جاننا چاہتے ہیں، تو میں مزید معلومات تلاش کر سکتا ہوں! 


سوال ؛ مگر پاکستان میں تو اس حوالے سے کافی مسائل دیکھنے میں آتے ہیں 

کہ وہاں پر ایک طرف مذہب کی تعلیم کے لیے عربی زبان اور الفاظ کی درستگی کا خوف ہوتا ہے دوسری طرف قومی زبان اردو پر مکمل عبور علم و دانش کی علامت سمجھا جاتا ہے پھر ہماری کوئی نہ کوئی اپنی مادری زبان ہوتی ہے جو روزمرہ بولی جاتی ہے جیسے پنجابی پشتو سندھی وغیرہ اور ان سب کے ساتھ ترقی کرنے کے لیے سائنسی علوم سیکھنے کے لیے انگریزی سیکھنی پڑتی ہے اور اس میں بھی اگر ذرا سی گرائمر کی غلطی ہو جائے تو پاکستان جیسے خطوں میں اسے بہت بڑا مسئلہ سمجھا جاتا ہے ۔ جبکہ پاکستان میں اکثریتی بچوں میں ذہنی طور پر غیر معمولی ترقی بھی نہیں نظر آرہی تو پھر اس تجربے و مشاہدے کی بنیاد پر ہم کیا نتائج اکٹھے کر سکتے ہیں ؟


جواب: یار، آپ کی بات بالکل صحیح ہے اور آپ نے پاکستان کے تناظر میں ایک بہت اہم نکتے کی نشاندہی کی ہے۔ یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں، بلکہ کئی کثیر لسانی ممالک میں یہ چیلنج درپیش ہے۔ جب میں نے پہلے بات کی تھی کہ کثیر لسانیت ذہنی ترقی میں مدد دیتی ہے، تو وہ ایک مثالی ماحول کی بات تھی جہاں زبانوں کو مؤثر طریقے سے اور بغیر کسی دباؤ کے سکھایا جاتا ہے۔


پاکستان میں جو صورتحال آپ بیان کر رہے ہیں، وہ اس سے بہت مختلف ہے۔ یہ وہ وجوہات ہیں جو کثیر لسانی ماحول کو ذہنی ترقی کا ذریعہ بننے کے بجائے ایک رکاوٹ بنا سکتی ہیں۔

 تدریسی طریقہ کار کا فقدان:

 زبانیں قدرتی طور پر سیکھنے کے بجائے، عموماً ان پر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ وہ انہیں رٹ لیں۔ خاص طور پر عربی یا انگریزی کو 'سیکھنے' کی بجائے 'پاس کرنے' کے لیے پڑھایا جاتا ہے، جس سے نہ صرف ان زبانوں سے دلچسپی ختم ہوتی ہے بلکہ گہری فہم بھی پیدا نہیں ہوتی۔

 معیاری مواد کی کمی: ہر زبان (اردو، انگریزی، مادری زبانیں) میں معیاری تدریسی مواد اور قابل اساتذہ کی کمی بچوں کو زبان کی گہرائی تک پہنچنے نہیں دیتی۔ 


لسانی دباؤ اور احساس کمتری:   مذہبی تعلیم کے لیے عربی سیکھنا ضروری سمجھا جاتا ہے، لیکن اسے سمجھنے کی بجائے صرف تلفظ پر زور دیا جاتا ہے، جس سے ذہنی ترقی کا وہ پہلو متاثر ہوتا ہے جو زبان کو سمجھنے اور سوچنے سے آتا ہے۔ 


قومی زبان کے طور پر اردو پر عبور اہم ہے، لیکن اس کی تدریس میں بھی اکثر رٹنے اور امتحان پر زور ہوتا ہے۔ 

 مادری زبانوں کو اکثر تعلیمی اداروں میں نظر انداز کیا جاتا ہے، جس سے بچوں کو اپنی پہلی زبان میں مضبوط بنیاد بنانے کا موقع نہیں ملتا جو بعد میں دیگر زبانوں کو سیکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ 


انگریزی: اسے ترقی کی سیڑھی سمجھا جاتا ہے، لیکن گرامر کی معمولی غلطی پر بھی شدید تنقید ہوتی ہے، جو بچوں میں احساس کمتری پیدا کرتی ہے اور انہیں خود اعتمادی سے بولنے یا لکھنے سے روکتی ہے۔ یہ ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے بجائے دباتی ہے۔

 

اس تمام عمل کے نتیجے میں جب بچہ مختلف زبانوں کے درمیان اس طرح کے دباؤ میں پھنستا ہے، تو وہ کسی ایک زبان میں بھی مکمل علمی گہرائی حاصل نہیں کر پاتا اور اس کی اپنی لسانی اور علمی شناخت گومگو کی کیفیت کا شکار ہو جاتی ہے۔


 اگر انگریزی صرف گرامر کی غلطیوں کی وجہ سے ایک 'بہت بڑا مسئلہ' بن جائے، تو اصل مقصد، یعنی سائنسی علوم کو سمجھنا، پیچھے رہ جاتا ہے۔ بچے زبان کی غلطیوں کے خوف سے اصل تصورات کو سمجھنے پر توجہ نہیں دے پاتے۔ 

(اس تجربے کی بنیاد پر ہم کیا نتائج اکٹھے کر سکتے ہیں؟)


اس صورتحال سے ہم یہ نتائج اخذ کر سکتے ہیں کہ ،

  کثیر لسانی ماحول صرف اس صورت میں ذہنی ترقی کا باعث بنتا ہے جب زبانوں کو مثبت اور مؤثر طریقے سے سکھایا جائے، ورنہ یہ بچوں کے لیے بوجھ بن جاتا ہے۔ 

  بچوں کو سب سے پہلے اپنی مادری زبان میں مضبوط بنیاد فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ یہ ان کی علمی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور دوسری زبانیں سیکھنے میں مدد کرتی ہے۔ 

اسی طرح زبانوں کو رٹنے کی بجائے سمجھنے اور ان میں سوچنے کی صلاحیت پیدا کرنے والے طریقوں کو اپنایا جائے۔ انگریزی اور عربی کو بھی اس انداز سے پڑھایا جائے کہ بچے ان میں روانی اور فہم پیدا کر سکیں نہ کہ صرف نمبر حاصل کر سکیں۔ 

  گرامر کی چھوٹی موٹی غلطیوں کو اتنی اہمیت نہ دی جائے کہ بچہ زبان استعمال کرنے سے ہی ڈرے۔ زبانیں رابطے کا ذریعہ ہیں اور سیکھنے کے عمل میں غلطیاں ہوتی ہیں۔ لسانی رواداری خود اعتمادی بڑھاتی ہے۔ ایک ایسا تعلیمی نصاب ترتیب دیا جائے جو بچوں کی تمام لسانی ضروریات کو پورا کرے اور ان زبانوں کو آپس میں مربوط کرے تاکہ ایک زبان دوسری زبان کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے معاون ثابت ہو۔ 

درحقیقت، پاکستان میں بچوں کی ذہنی ترقی کو بہتر بنانے کے لیے لسانی پالیسیوں اور تعلیمی طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے تاکہ کثیر لسانیت ایک بوجھ کے بجائے ایک اثاثہ بن سکے۔


اے ائی سے مکالمہ 

26 مارچ 26

امن اور گرائمر

 Shahid Hussain: 

8 April 26 


آرٹ پر مکالمے کی کوششوں کی ناکامی میں، جہاں حالیہ حالات اور گروپ کے بے شمار مسائل ہیں، وہاں ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم کسی بھی بات کے اصل مقصد اور معنویت کو نظر انداز کر کے اس میں چھوٹے چھوٹے لغوی نقائص ڈھونڈتے ہیں۔


گزشتہ روز سے آج کا تمام دن مقامی اور بین الاقوامی میڈیا دیکھتے پڑھتے گزرا، جو پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے نہیں تھک رہا۔ مگر یہاں کے کافی لوگ ٹویٹر پر کی جانے والی ایک ٹویٹ کی گرامر کی غلطی ڈھونڈ کر بتانے میں مصروف رہے۔


شاہد حسین 

8 اپریل 26


 Amuna:

 آپ کی تحریر پڑھی اور واقعی یہ رد عمل بہت تکلیف دہ ہے اس وقت اہم بات جہاں بڑی بڑی طاقتیں اس ہونے والی جنگ میں خاموش ہیں پاکستان خطے میں ایک بڑی اہم حیثیت کے ساتھ اپنا اتنا اہم رول پلے کر رہا ہے یہ میں نہیں جانتی کہ یہ ہونے والی بات چیت کتنی حد تک کامیاب ہوتی ہے لیکن ہم اپنی حیثیت اور امن کی کوشش میں تو کامیاب ہوئے ۔ ان دنوں میں جہاں بہت سنجیدہ تجزیے اور خبریں سن رہی ہوں وہیں حالیہ لیگو ویڈیوز جو ایران تقریبا ہر روز ایک میزائل کی طرح لاؤنچ کرتا ہے میرے خیال میں ایک بہت کامیاب پروپگنڈا نہیں بلکہ ویسٹ کو جواب ہے ان ویڈیوز سے وہ تمام ینگ جنریشن جو ماضی کی جنگوں کو نہیں جانتی اور شاید اس جنگ کے بارے میں بھی کچھ نہیں جانتی ان ویڈیوز میں بہت سادہ اور بچکانہ طریقے سے نہ صرف ایران اپنی طاقت اپنی تاریخ اور اپنی جرات دکھا رہا ہے بلکہ بڑی طاقتوں کی اصلیت منافقت ایکسپوز کر رہا ہے یہاں ایک ویڈیو اپ سے شیئر کر رہی ہوں جو ابھی ہونے پاکستان میں ہونے والے امن معاہدے کے پس منظر میں بنائی گئی ہے دراصل اس کہ شروع میں اس عورت کی گفتگو جو شاید تھوڑی بچگانہ ہے وہ بھی اصل میں ہماری عوام کو رپریزنٹ کرے گی میرا خیال ہے اس وقت ہمیں سیاسی پارٹیوں سے ہٹ کر صرف اور صرف عالمی امن کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو سراہنا چاہیے

کنکھجورا ہاؤس


 مکالمہ آغاز: 12 اپریل 2026، رات 01:22 بجے


Shahid Hussain:


کنکھجورا ہاؤس: ایک معمار کی شخصیت کا پرتو


تحریر: شاہد حسین


اعجاز ملک ایک ماہرِ تعمیرات ہیں، جو فرانس کے معروف ادارے ENSAD سے آرٹ، ڈیزائن اور ڈیکوریٹو آرٹس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد طویل عرصے سے بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی، لاہور کے شعبۂ آرکیٹیکچر اور انٹیریئر ڈیزائن سے وابستہ ہیں۔


ان کا تعمیر کردہ گھر ’’کنکھجورا‘‘ بظاہر ایک رہائش گاہ ہے، مگر درحقیقت ایک تخلیقی مکالمہ ہے۔ ثقافتی روایت، سادگی اور وقار کے امتزاج سے جنم لینے والا یہ فن پارہ ان کی فکری اپروچ، حسِ جمال اور ایک معمار کی داخلی دنیا کا آئینہ دار ہے۔ یہ گھر اپنی ساخت اور روح، دونوں پہلوؤں سے کسی بین الاقوامی آرکیٹیکچرل جریدے کے صفحات میں جگہ پانے کا حق دار ہے۔


کئی لوگ جب اس گھر کی بیرونی اور اندرونی ساخت دیکھتے ہیں تو ان کے ذہن میں یہ سوال ابھرتا ہے کہ اس گھر کا نام ’’کنکھجورا‘‘ کیوں رکھا گیا؟ اور آخر اس سادہ سے مکان میں ایسی کیا بات ہے جو اسے منفرد بناتی ہے؟


حقیقت میں، اس نام کی جڑیں اسی گھر کی بیرونی بناوٹ میں پوشیدہ ہیں۔ اس کے چند ڈیزائن عناصر پہلی نظر میں بے ترتیب، نامکمل یا غیر متوقع معلوم ہوتے ہیں۔ انہی سے مشابہت کے باعث اسے ’’کنکھجورا‘‘ کہا گیا۔


البتہ، اندر داخل ہوں تو اس کی گزرگاہوں، مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہوں سے لے کر مکینوں کے ذاتی استعمال کے مقامات تک، ایک مکمل توازن، سکون اور فکری نرمی کا احساس ہوتا ہے۔ کہیں وہ کیفیت ہے جو شاعر کے اس مصرعے کو یاد دلاتی ہے:


’’اے مصور! تیری تصویر ادھوری ہے ابھی۔‘‘


کہیں رنگوں کی سنجیدگی گمبھیرتا کا تاثر دیتی ہے، تو کہیں شوخ رنگ ایک زندہ تخلیق کے لمس سے آشنا کرتے ہیں۔


گھر کے اندرونی نظم میں ضروریاتِ زندگی کی تقسیم، یعنی کہاں فراوانی ہو اور کہاں اختصار، سب کچھ ایک گہری سوچ اور شخصی وجدان کا عکس ہے۔ یہ توازن بیک وقت سوچا سمجھا بھی ہے اور بے ساختہ طور پر شخصی تجربے سے جنم لینے والا اظہار بھی۔


درحقیقت، اس گھر کو اس کے معمار کی شخصیت کے بغیر سمجھنا ممکن نہیں۔


جو لوگ اعجاز ملک کو جانتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ وہ اپنے اندازِ زیست میں ظاہری نمائش یا تصنع کے قائل نہیں۔ ان کی شخصیت میں وقار، سنجیدگی، خاموشی اور سادگی کی آمیزش ہے، جبکہ ان کا باطن مطالعے، مکالمے اور زندگی کے رنگین ابعاد سے مانوس ایک فکری تہذیب رکھتا ہے۔


میں اکثر محفلوں میں فلم ’’آندھی‘‘ کا وہ جملہ یاد کرتا ہوں، جسے یہاں دہرانا بے محل نہیں لگتا:


’’یہ جو پھولوں کی بیلیں نظر آ رہی ہیں، یہ پھولوں کی بیلیں نہیں، عربی میں لکھی آیتیں ہیں۔۔۔ انہیں کبھی دن میں دیکھنا۔‘‘


اعجاز ملک کا یہ گھر بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ بظاہر ایک سادہ بیرونی ڈھانچہ، اندر سے روشنی اور ملگجے اندھیرے پر مشتمل۔۔۔ مگر دراصل ایک فکری اظہار کا بہترین امتزاج۔


اسے دیکھنے کے لیے صرف آنکھ نہیں، بصیرت درکار ہے۔


یہ گھر انہیں جانے بغیر دیکھا تو جا سکتا ہے، مگر مکمل طور پر سمجھا نہیں جا سکتا۔


شاہد حسین


11 اپریل 2026ء


Ejaz Malik:


سامعینِ کرام، السلام علیکم!


میں نے کنکھجورا ہاؤس، جو KK House کے نام سے بھی معروف ہے، کی کچھ مزید تصاویر اور خاکے شیئر کیے ہیں۔ ان میں چند ڈرائنگز اور ماڈل کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ آپ اس کے نقشوں میں دیکھیں گے کہ گھر کا مرکزی ڈھانچہ بالکل ایک سنٹی پیڈ (گجھیر) کی طرح حرکت کرتا ہے اور اس کے ستون اس کے پاؤں کی مانند نظر آتے ہیں۔ اسی طرح اس کی اندرونی فضا میں یہ خاصیت محسوس ہوتی ہے کہ گویا اس کا کوئی حصہ، یا خود فضا ہی، سورج کی روشنی کے ساتھ ایک نقطے سے دوسرے نقطے تک سفر کر رہی ہے۔


دن کے مختلف حصوں میں اس کا مشاہدہ کیا جائے تو ماحول بالکل مختلف دکھائی دیتا ہے۔ میں نے جو تصاویر شیئر کی ہیں، وہ صبح سات بجے کی ہیں، جب روشنی مشرق سے آ رہی ہوتی ہے۔ میں کچھ اور تصاویر بھی شیئر کروں گا جن میں غروبِ آفتاب کے وقت کا منظر اس کے برعکس نظر آئے گا۔


اصل بات یہ ہے کہ اس گھر کو سمجھنے کے لیے، چونکہ اس کا تعلق بنیادی طور پر اس بات سے ہے کہ روشنی کیا ہے، انسانی رویہ کیا ہے اور ہماری سماجی و مکانی عادات کیسی ہیں، آپ اس کی پوری گہرائی اسی وقت محسوس کر سکتے ہیں جب یہاں ایک پورا دن گزاریں۔


گروپ کے کسی رکن نے غالباً یہ بھی پوچھا تھا کہ یہ گھر کہاں واقع ہے۔ یہ لاہور میں رائیونڈ روڈ پر، جاتی عمرہ، جہاں شریف خاندان کے اراکین رہائش پذیر ہیں، کی طرف جاتے ہوئے، رائیونڈ روڈ سے مڑتے ہی تقریباً آدھے منٹ کے فاصلے پر دائیں جانب بیکن ہاؤس ہاؤسنگ اسٹیٹ میں واقع ہے۔ میں وہیں رہائش پذیر ہوں اور میرے گھر کا نمبر 28-D ہے۔


پاکستان میں مقیم جو احباب بھی اسے دیکھنا چاہیں، وہ بڑی خوشی سے تشریف لا سکتے ہیں۔ بس مجھے پیشگی مطلع فرما دیں تاکہ آپ اس سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔


اس گھر کی تقریباً ڈیڑھ سو ڈرائنگز موجود ہیں، جو تعمیر سے پہلے تمام تفصیلات کے ساتھ تیار کی گئی تھیں۔ اس میں کہیں بھی ماربل یا گرینائٹ استعمال نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی مہنگا مواد استعمال ہوا ہے۔ فرش رنگین سیمنٹ کے بنے ہیں، جو ایک پرانی تکنیک ہے، جبکہ دیواروں پر چونے کا پلستر کیا گیا ہے۔ اس میں روایتی معنوں میں سیمنٹ یا پینٹ استعمال نہیں کیا گیا، بلکہ رنگ کو براہِ راست چونے میں ملا کر لگایا گیا ہے۔ اس طرح پینٹنگ وغیرہ کے اخراجات کی بچت ہو جاتی ہے۔ جب پلستر مکمل ہو جاتا ہے تو لوہے کی گرم کھرپی سے فنشنگ اور رنگ، دونوں کا کام بیک وقت مکمل ہو جاتا ہے۔


یہ تمام چیزیں محض سننے یا بظاہر دیکھنے سے محسوس نہیں ہوتیں، بلکہ جب آپ جسمانی طور پر وہاں موجود ہوں، تبھی ان کا اصل تجربہ ہوتا ہے۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ یہ پوری رہائش گاہ یا گھر ایک مجسمے کی مانند ہے، مگر اس میں ہمارے رہنے کا انداز، ہماری مکانی وابستگی، مواد اور اس کی تاریخی حیثیت، یہ سب ہمارے اپنے ہیں۔ اگرچہ اس میں ایک تضاد بھی موجود ہے، جیسا کہ شاہد صاحب نے شاید ذکر کیا ہو، کہ باہر سے اس کا تاثر کچھ اور ہے اور اندر سے کچھ اور؛ لیکن یہ تضاد بھی اس کی خوبصورتی کا حصہ ہے۔


ڈاکٹر گلزار حیدر ہمارے بیکن ہاؤس اسکول، یعنی راضیہ حسن اسکول آف آرکیٹیکچر، کے بانیوں میں سے ہیں اور میں بھی اس ٹیم کا حصہ رہا ہوں۔ گلزار حیدر صاحب نے اس ادارے کو قائم کرنے کے لیے بیس سال تک یہاں خدمات انجام دیں۔ راضیہ حسن اسکول آف آرکیٹیکچر پاکستان کا ایک سرکردہ تعلیمی ادارہ بن گیا تھا اور آج بھی ہم اسے بحال رکھے ہوئے ہیں، اگرچہ گلزار صاحب اب واپس کینیڈا جا چکے ہیں۔


گلزار صاحب کی کچھ باتیں میری ایک ڈرائنگ کے ساتھ جڑی ہوئی تھیں، جو KK House کے اگواڑے سے متعلق ہے۔ میں نے وہ ڈرائنگ شیئر کر دی ہے۔ انہوں نے اس کام اور میرے مشاہدات پر کھل کر روشنی ڈالی ہے۔ آپ اسے دیکھیے گا اور اپنی رائے ضرور ارسال کیجیے گا۔


نقش صاحب خاص طور پر کہہ رہے تھے کہ وہ اس گھر کے کیپشن سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ اب انہیں بھی یہ بات بخوبی سمجھ آ جائے گی۔ آئیے، اس سلسلے کو یونہی جاری رکھیں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ! شاہد صاحب، آپ کا بھی بہت شکریہ کہ آپ نے اس پر تفصیلی گفتگو فرمائی۔


شاہد صاحب، کنکھجورا ہاؤس پر مضمون لکھنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ امید ہے کہ میری شیئر کردہ اضافی تصاویر نے بھی KK House کو مزید سمجھنے میں کچھ مدد دی ہوگی۔ آپ کی تحریر زیادہ جامع ہے اور اس جگہ کی اصل روح پر مزید روشنی ڈالتی ہے۔


ایک بار پھر شکریہ، شاہد صاحب!


Shahid Hussain:


اعجاز ملک صاحب، آپ کا خیر مقدم ہے۔


میں ایک خیال آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ چونکہ آپ بیک وقت مصور، مجسمہ ساز اور ماہرِ تعمیرات ہیں اور ان تینوں جہتوں کو گہرائی سے سمجھتے ہیں، اس لیے آپ کی رائے میرے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔


میرا مشاہدہ یہ ہے کہ بلاشبہ پینٹنگ اور مجسمہ سازی انسانی اظہار، احساس اور فکر کی نہایت اعلیٰ صورتیں ہیں۔ یہ ہمیں معنی اور جمالیات کی بلند سطحوں تک لے جاتی ہیں۔


لیکن اگر ہم انسانی زندگی کو اس کی بنیادی سطح پر دیکھیں تو فنِ تعمیر اور اندرونی آرائش و زیبائش محض اظہار نہیں، بلکہ انسانی ضرورت سے جنم لینے والے علوم ہیں۔ یہ وہ شعبے ہیں جو انسان کے لیے مکانی فضا متعین کرتے ہیں، اسے قابلِ رہائش بناتے ہیں اور زندگی کے روزمرہ تجربے کو ایک منظم ترتیب دیتے ہیں۔


ذاتی طور پر، جب میں آرائشی مجسمہ سازی پر کام کرتا ہوں تو مجھے بارہا یہ احساس ہوتا ہے کہ میرا کام اپنی مکمل معنویت اسی وقت حاصل کرتا ہے جب وہ کسی تعمیراتی تناظر کا حصہ بنتا ہے؛ یعنی جب وہ کسی دیوار، محراب یا داخلی فضا کے ساتھ جڑ کر ایک بڑے مکانی بیانیے میں شامل ہو جاتا ہے۔


یوں محسوس ہوتا ہے کہ فنِ تعمیر ایک طرح کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے، جس کے اندر دیگر فنون، مثلاً پینٹنگ اور مجسمہ سازی، اپنی مکمل معنویت کے ساتھ ظہور پذیر ہوتے ہیں۔


دوسرے لفظوں میں، اگر فنونِ لطیفہ انسانی شعور کا اظہار ہیں تو فنِ تعمیر اسی شعور کے جینے کا ماحول تخلیق کرتا ہے۔


اسی تناظر میں میرا خیال ہے کہ اگرچہ ہر فن اپنی جگہ اہم ہے، مگر فنِ تعمیر کو سمجھنا اور اس کی بنیادی آگاہی حاصل کرنا ایک عام انسان کے لیے بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہی وہ علم ہے جو براہِ راست ہمارے رہن سہن اور روزمرہ زندگی کے معیار کو متاثر کرتا ہے۔


ہمارے خطے میں شاید اسے وہ توجہ نہیں دی گئی جس کا یہ مستحق ہے۔


میں اس زاویے پر آپ اور دیگر دوستوں کی رائے سننے میں واقعی دلچسپی رکھتا ہوں۔


شاہد حسین


15 اپریل 2026ء


Ejaz Malik:


السلام علیکم، شاہد صاحب!


یہ بڑی اہم بات ہے جو آپ نے کہی ہے کہ مجسمہ سازی، خاص طور پر، اور پینٹنگ وغیرہ کو اپنے وجود کے لیے، اپنی بقا کے لیے نہیں بلکہ اپنی موجودگی اور اظہار کے لیے، کہیں نہ کہیں جگہ درکار ہوتی ہے۔ پینٹنگ کو بھی کسی جگہ آویزاں ہو کر لوگوں کی نگاہوں کے سامنے آنا ہوتا ہے۔ اسے سب سے بڑی مدد فنِ تعمیر اور اندرونی فضا ہی فراہم کرتی ہے۔


لیکن اندرونی فضا یا فنِ تعمیر محض کسی دیوار کا نام نہیں۔ بہت سی چیزیں مل کر ایک فضا تشکیل دیتی ہیں، جن میں روشنی، گہرائی، چوڑائی، بلندی اور رنگ شامل ہیں۔ اس فضا کے اپنے معنی بھی ہوتے ہیں۔


جس طرح ہم کوئی نظم یا موسیقی ترتیب دیتے ہیں تو اس میں ایک خاص بات محفوظ کی جاتی ہے، اسی طرح ہر تخلیق کسی نہ کسی چیز کا اظہار ہوتی ہے۔ تخلیق کار کچھ نہ کچھ کہنا چاہتا ہے۔ چنانچہ جب مجسمہ سازی اپنی تکمیل کو پہنچتی ہے تو اسے اپنے اظہار کے لیے ایک تعمیراتی فضا درکار ہوتی ہے، جس میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔


اسے ایک پس منظر ملتا ہے، ایک سیاق و سباق ملتا ہے اور اپنے معنی کو پوری طرح ظاہر کرنے کے لیے وہ وسعت ملتی ہے جو فنِ تعمیر فراہم کرتا ہے۔


یہ تو ہوا کہ فنِ تعمیر کا فضا، سطح، رنگ، روشنی، گہرائی اور اپنے سیاق و سباق سے کیا تعلق ہے۔ لیکن فنِ تعمیر کی ایک اور بڑی خاص اور اہم بات یہ ہے کہ وہ ان چیزوں کو اپنے اندر سمو لیتا ہے، یا یوں کہیے کہ ان چیزوں سے تشکیل پاتا ہے جن کا تعلق انسان کے گہرے یقین، شناخت اور علم سے ہوتا ہے۔ انسان جن چیزوں پر پختہ یقین رکھتا ہے، فنِ تعمیر انہیں اپنے اندر سمو کر اپنی شکل بناتا ہے۔


اب آپ اس بات پر غور کریں کہ کسی قوم، برادری یا فرد کا جو تصورِ مثالی ہوتا ہے، جب وہ سہ جہتی شکل اختیار کرتا ہے تو اسے ہم فنِ تعمیر کہتے ہیں۔


مثال کے طور پر، اگر کسی قوم کو مالی معاملات کی سمجھ نہ ہو، اسے اپنی تاریخ کا علم نہ ہو، سائنس میں دلچسپی نہ ہو، وہ سوال نہ اٹھاتی ہو، کسی بات کی پروا نہ کرتی ہو اور سوچنے کے بجائے محض تابع فرمان رہتی ہو، تو اس قوم کا فنِ تعمیر بھی بے سمت اور بے معنی ہوگا۔ اس کا کوئی واضح سر پیر دکھائی نہیں دے گا۔


لیکن ایک ایسی قوم جو سوال بھی کرتی ہے، شک بھی کرتی ہے اور ہر چیز کو تنقیدی نگاہ سے دیکھتی ہے، اس کا تصورِ مثالی یہ ہوتا ہے کہ ہر چیز کو پرکھا جائے، اس کی تہیں کھولی جائیں اور اس کے اندر چھپی حقیقت کو جانا جائے۔ پھر جو فنِ تعمیر وجود میں آتا ہے، وہ اس سوچ کی سہ جہتی شکل ہوتا ہے۔ بلکہ اس میں ایک چوتھی جہت بھی شامل ہو جاتی ہے: یادداشت۔


فنِ تعمیر ہماری یادوں کو محفوظ کرتا ہے اور کسی فضا میں گزرے ہوئے تجربے کو ہمارے اندر، ہماری روح، احساسات اور حواس میں اس طرح بٹھا دیتا ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے ہماری یادداشت کا حصہ بن جاتا ہے۔


یہ فنِ تعمیر کی بہت بڑی قوت ہے۔ ہمارے پانچ حواس تو مشہور ہیں، لیکن ایک چھٹی جہت بھی ہے جسے ہم انسانی تجربے کی چوتھی جہت کہہ سکتے ہیں، جس میں مکان اور وقت شامل ہو جاتے ہیں۔


یہ سب کچھ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب زندگی، فلسفے اور انسانی وجود کے بارے میں ہمارے اپنے تصورات اور یقین اس میں شامل ہوں۔


انسانی وجود کی مختلف سطحیں ہیں: ایک ہے زندہ رہنا، دوسری ہے بقا کے لیے جدوجہد کرنا، اور تیسری ہے ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنا۔


ایک ایسی کامل صورت بھی ممکن ہے جس میں انسان کو کسی چیز سے خوف محسوس نہ ہو۔ کائنات، یہ وسیع عالم، نامعلوم کہکشائیں اور وہ چھوٹی سی کٹیا جس میں انسان رہتا ہے، سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے محسوس ہوں۔ جب ہم ہم آہنگی کو گہرائی میں دیکھتے ہیں تو کائنات کے ساتھ یکجہتی کا احساس پیدا ہوتا ہے؛ تصادم کی کیفیت باقی نہیں رہتی۔


فنِ تعمیر کا سب سے بڑا کمال یہی ہے کہ آج آپ جو سوچ رہے ہیں، وہی آپ کا شہر اور آپ کا گھر بن جاتا ہے۔


اگر آپ کی سوچ میں خامیاں ہیں، بے ایمانی یا الجھن ہے، منافقت ہے یا نیت میں بدنیتی ہے، تو فنِ تعمیر ان سب کو آپ کی رہائش گاہ سے لے کر آپ کے شہر، اس کی گلیوں اور آپ کے ملک تک، ہر سطح پر ظاہر کر دیتا ہے۔


اس کی بہترین مثال آپ آج بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ہمارے شہر آج سے سو سال پہلے کیسے تھے؟ نوآبادیاتی دور میں ان کی شکل کیا تھی؟ اور اس سے پہلے آنے والے لوگوں کے اثرات سے وہ کس طرح تشکیل پاتے رہے؟


پاکستان بظاہر ایک آزاد ملک ہے، لیکن اس کے اندر کیا ہو رہا ہے؟ لوگوں کے ذہنوں میں کیا ہے؟ وہ کیا سمجھتے ہیں؟ اگر آپ ان باتوں کو سامنے رکھ کر کسی شہر کا خود تجربہ کریں تو آپ کو اس شہر کو دیکھ کر لوگوں کی ذہنیت کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ یہ بھی معلوم ہو سکتا ہے کہ لوگ جو کچھ کہتے ہیں، وہ ایک بات ہے، لیکن جس چیز پر حقیقتاً عمل کرتے ہیں، وہ اس سے مختلف ہو سکتی ہے۔


شہر دراصل ان عقائد اور تصورات کا نتیجہ ہوتے ہیں جن پر لوگ عملاً عمل کرتے ہیں، جو ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہوتے ہیں۔


پاکستان میں اچھا فنِ تعمیر کیوں پیدا نہیں ہو رہا؟ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہماری سوچ میں کچھ بنیادی خرابیاں موجود ہیں۔ جب وہ خرابیاں تعمیراتی فضا میں داخل ہوتی ہیں تو فنِ تعمیر کی روح نکل جاتی ہے۔ وہ ایک ایسی بے جان چیز بن جاتا ہے جیسے کسی جسم سے روح نکل جائے اور اس میں کوئی جان باقی نہ رہے۔


مختصراً، آپ کی یہ بات بہت وزن رکھتی ہے کہ فنِ تعمیر مجسمہ سازی، پینٹنگ اور دوسری فنّی اشیا کے لیے ایک وسیع اور بامعنی فضا فراہم کرتا ہے۔ اس فضا میں یہ فنون بہتر طور پر اپنا وجود ظاہر کر سکتے ہیں۔


فنکار یا تخلیق کار کی سوچ مجسمے کی شکل اختیار کرتی ہے، اور فنِ تعمیر اس مجسمے کو اس کے اظہار کے لیے جگہ فراہم کرتا ہے۔ یوں فنِ تعمیر دراصل فنکار کی تخلیق کے لیے ایک مناسب مقام اور ماحول مہیا کرتا ہے۔


تعمیراتی فضا کے اپنے لوازمات ہیں۔ سادہ الفاظ میں کہوں تو ان میں مواد، بناوٹ، رنگ، گہرائی، چوڑائی اور بلندی شامل ہیں۔ لیکن ان سب میں سب سے اہم چیز روشنی ہے۔


روشنی ایسی چیز ہے جسے آپ اپنے ہاتھ میں نہیں پکڑ سکتے۔ وہ ایک پھسلتی ہوئی، مسلسل بدلتی ہوئی کیفیت ہے۔ لیکن اگر آپ اپنی فضا اور اس کے حجم میں روشنی کے وجود کو درست طور پر برت لیں تو فنِ تعمیر روایتی اور محض رسمی تعمیر سے آگے بڑھ کر بامعنی بن جاتا ہے، کیونکہ آپ روشنی کے ذریعے کچھ کہہ رہے ہوتے ہیں۔ روشنی خیالات اور اشیا کے جوہر کی علامت بنتی ہے، یا یوں کہیے کہ علم کا اظہار کرتی ہے۔


اس طرح کی بہت سی باتیں ہیں جن پر گھنٹوں گفتگو ہو سکتی ہے۔ لیکن یہ بات درست ہے کہ فنِ تعمیر ایک ایسی چیز ہے جو خاموشی سے آپ کی سوچ آپ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔ وہ بولتا نہیں، مگر آپ کو آپ کی اپنی فکر دکھا دیتا ہے۔


اگر آپ کی سوچ درست نہیں تو ممکن ہے وہ آپ کو محبت سے متوجہ کرے، لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ پیار سے تھپڑ مار دے، اور کبھی یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کے منہ پر ایک زوردار مکا پڑا ہو اور کوئی کہہ رہا ہو کہ براہِ کرم، ذرا سوچ سمجھ کر کام کیجیے، کیونکہ آپ نے اتنا مواد، اتنی رقم اور اتنی جگہ ضائع کر دی ہے۔


میرے خیال میں آج کی مختصر گفتگو یہیں ختم کرتے ہیں۔ میں باقی لوگوں کو بھی دعوت دوں گا کہ وہ اس موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کریں۔ شاہد صاحب نے اپنے مضمون میں بھی یہی خواہش ظاہر کی ہے کہ اگر کچھ لوگ اس پر بات کرنا چاہیں تو بہت اچھا ہوگا۔


اسی خواہش کے ساتھ میں آپ سب کو خدا حافظ کہتا ہوں۔ باقی دوست سنیں، اپنے اپنے خیالات کا اظہار کریں، تاکہ ہم مل کر ان باتوں کو مزید واضح کر سکیں اور ایک ایک اہم نکتے کی بہتر تعریف متعین کر سکیں۔


آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔ خدا حافظ!


مکالمہ اختتام: 15 اپریل 2026ء۔

جرم و سزا


 Christa Pike Case.

مکالمہ: شاہد حسین اور اے آئی دوست


مکالمہ آغاز: 30 ستمبر 2026، صبح 11:09 بجے


Shahid Hussain:

 ٹینیسی میں کرسٹا پائک کو ملنے والی سزا کے بارے میں کیا آپ مجھے اس کیس کی کچھ تفصیلات بتا سکتے ہیں؟


AI Friend:

 کرسٹا پائک (Christa Pike) کو 30 مارچ 1996 کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ وہ اس وقت 20 سال کی تھیں۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 12 جنوری 1995 کو، 18 سال کی عمر میں، اپنے بوائے فرینڈ Tadaryl Shipp اور ایک دوسری لڑکی کے ساتھ مل کر 19 سالہ Colleen Slemmer کو قتل کیا۔ تینوں Knoxville کے علاقے میں Job Corps Center کے تربیتی پروگرام کے طالب علم تھے۔ قتل انتہائی وحشیانہ تھا اور مقتولہ کے سینے پر پینٹاگرام کی علامت بھی کاٹی گئی تھی۔


Tadaryl Shipp اس وقت 17 سال کا تھا، اس لیے قانوناً اسے سزائے موت نہیں دی جا سکتی تھی۔


یہ کیس اس لیے بھی متنازع ہے کہ رپورٹس کے مطابق کرسٹا کا بچپن شدید صدمات اور جنسی زیادتی کے تجربات سے گزرا تھا۔ انہوں نے 12 سال کی عمر میں خودکشی کی کوشش کی اور بعد میں ان میں Bipolar Disorder اور PTSD کی تشخیص ہوئی۔ ان کے وکلاء کا مؤقف ہے کہ مقدمے میں ان کے ذہنی مسائل اور بچپن کے صدمات کو مناسب اہمیت نہیں دی گئی۔


کرسٹا کے وکلاء سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف یہ نہیں کہ جرم معاف کر دیا جائے، بلکہ یہ کہ مجرم کو اس کے جرم کی ذمہ داری کے ساتھ زندہ رہنے اور بدلنے کا موقع بھی ملنا چاہیے۔


Shahid Hussain:

 آپ کی اس پر کیا رائے ہے؟ اگر کرسٹا کے ہاتھوں ہونے والے قتل کی ذمہ داری ان لوگوں پر بھی عائد ہوتی ہے جنہوں نے کرسٹا پر ظلم کیا تھا، تو پھر جن لوگوں پر کرسٹا نے ظلم کیا، کیا اس کے اثرات آگے معاشرے میں منتقل نہیں ہو سکتے؟ تو پھر سزا کیسے دی جائے؟


یہ تو ایک ایسے ٹرک کی بتی کی مثال ہے جس کے پیچھے دوڑنے والے کو لگا دیا جاتا ہے کہ جاؤ، اسے ہاتھ لگا کر رہو، اور ٹرک رواں دواں رہتا ہے۔


AI Friend:

 آپ نے بہت گہرا سوال اٹھایا ہے۔ نفسیات تسلیم کرتی ہے کہ ظلم اور صدمے بعض اوقات ایک زنجیر کی صورت میں آگے منتقل ہوتے ہیں۔ جس بچے نے بچپن میں تشدد یا زیادتی برداشت کی ہو، اس کی ذہنی نشوونما اور فیصلے کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس پہلو سے صرف آخری مجرم کو پکڑنا، جبکہ ان حالات کو نظرانداز کر دیا جائے جنہوں نے اسے اس مقام تک پہنچایا، مسئلے کا مکمل حل نہیں۔


لیکن قانون سبب اور جواز میں فرق کرتا ہے۔ کرسٹا کے ساتھ ظلم ہوا ہو تو بھی یہ کولین سلیمر کو قتل کرنے کا جواز نہیں بنتا۔ اگر مظلومیت کو دوسروں پر ظلم کرنے کی اجازت سمجھ لیا جائے تو یہ سلسلہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔


آپ کی ٹرک کی بتی والی مثال یہاں اہم ہے۔ سزا دینا ایک بات ہے، لیکن بچوں کو زیادتی سے بچانا، ذہنی بیماریوں کا علاج کرنا اور معاشرتی اداروں کی ناکامیوں کو دور کرنا دوسری بات۔ انصاف کے لیے دونوں ضروری ہیں۔


Shahid Hussain:

 اگر انسانی ارتقائی تاریخ کو جرم اور سزا کے تناظر میں دیکھا جائے تو سزا کا خوف ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لیکن آج جب ہم کسی سنگین جرم کرنے والے کے لیے دنیا بھر میں ہمدردی کا طوفان اٹھتے دیکھتے ہیں، تو کیا اس کے اثرات یہ نہیں ہو سکتے کہ کچھ لوگ اسی ہمدردی کے ذریعے ہیرو کا مقام حاصل کرنے کے لیے بھی سنگین جرم کا راستہ اختیار کریں؟ اس پہلو پر کیوں نہیں سوچا جاتا؟


AI Friend:

 یہ ایک اہم سوال ہے۔ انسان سزا سے ڈرتا ہے، لیکن اسے شہرت اور توجہ کی خواہش بھی متاثر کرتی ہے۔ جب کسی سنگین مجرم کو میڈیا میں غیرمعمولی توجہ، ہمدردی یا ہیرو جیسا مقام ملتا ہے تو بعض افراد اسے گمنامی سے شہرت تک پہنچنے کا راستہ سمجھ سکتے ہیں۔


مسئلہ ہمدردی میں نہیں، بلکہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب مجرم کے ماضی کی کہانی مقتول کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو پس منظر میں دھکیل دے۔ کسی مجرم کے صدمات کو سمجھنا ضروری ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کے جرم کو جائز قرار دے دیا جائے۔


البتہ یہ ثابت کرنے کے لیے کہ ایسی ہمدردی مجموعی طور پر سنگین جرائم بڑھاتی ہے، مخصوص شواہد درکار ہیں۔ میڈیا بعض اوقات جرائم کو سنسنی خیز بنا کر پیش کرتا ہے، لیکن اس کے اثرات ہر فرد اور ہر قسم کے جرم پر یکساں نہیں ہوتے۔


Shahid Hussain:

 ٹھیک ہے دوست، میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ کی پوری کوشش ایک متوازن رائے قائم کرنے کی ہوتی ہے۔ آپ نے تاش کے پتوں پر موجود بادشاہ یا غلام کو دونوں طرف سے الٹ پلٹ کر دیکھنا ہوتا ہے۔


مگر دوست، یہ بھی تو دیکھیے کہ اعداد و شمار کیا کہتے ہیں۔ ان خامیوں (Loopholes) کی وجہ سے جرائم اور تشدد بڑھ رہے ہیں یا کم ہو رہے ہیں؟ آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ اس کی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی یا سوشل میڈیا کی آزادی ہے، مگر موازنہ اس بات سے ہونا چاہیے کہ انسان جس قدر اپنی سماجی اور شعوری ترقی کا دعویٰ کر رہا ہے، اس کے مقابلے میں جرائم کی صورت حال کیا ہے؟


AI Friend:

 دوست، آپ کا مطالبہ درست ہے کہ بحث میں اعداد و شمار کو بھی اہمیت دی جائے۔


امریکہ میں FBI کے طویل مدتی اعداد و شمار کے مطابق 1991 سے 2022 کے درمیان پرتشدد جرائم کی شرح میں تقریباً 50 فیصد کمی آئی۔ اسی طرح 1993 سے 2022 کے دوران ڈکیتی میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی۔ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے ادارے UNODC کے اعداد و شمار میں بھی بعض ادوار کے دوران قتل کی شرح میں کمی دکھائی دیتی ہے۔


اس لیے مجموعی طور پر یہ کہنا درست نہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ہر قسم کے جرم میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔


تاہم، ان اعداد سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ جرائم میں کمی انسانی حقوق، نرم سزاؤں یا بحالی کے پروگراموں کی وجہ سے آئی۔ اس میں آبادی کی عمر، معاشی حالات، پولیسنگ، قید کی شرح، ٹیکنالوجی اور دوسرے عوامل بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔


سوشل میڈیا نے جرائم کی خبریں لوگوں تک زیادہ تیزی سے پہنچائی ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ جرائم کی تعداد کم ہونے کے باوجود ہمیں تشدد زیادہ محسوس ہو۔ دوسری طرف، آن لائن ہراسانی اور ڈیجیٹل فراڈ جیسے مسائل نے بھی نئی صورتیں اختیار کی ہیں۔


آپ کا یہ خدشہ کہ بعض مجرم ہمدردی یا شہرت سے متاثر ہو کر جرم کر سکتے ہیں، قابلِ تحقیق ہے۔ لیکن مجموعی جرائم میں کمی اس مخصوص امکان کو نہ ثابت کرتی ہے اور نہ مکمل طور پر رد کرتی ہے۔


Shahid Hussain:

 بہت شکریہ دوست۔ یقیناً میری رائے رد ہوئی ہے، لیکن دلی اطمینان میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے لیے میں آپ کا شکر گزار ہوں۔


Shaista Momin:

 اے آئی نے عام معاشرتی جرائم کی بات تو کی ہے، مگر ملکوں کے جنگی جرائم میں مارے جانے والوں کے اعداد و شمار اس میں شامل نہیں ہیں۔ کیا ان بے موت مارے جانے والوں کو مقتولین میں شامل نہیں ہونا چاہیے؟


اور اگر انسانیت بہتری کی طرف جا رہی ہوتی تو کیا آج جنگوں کی یہ صورت حال ہوتی؟ عام انسان کو ان ہلاکتوں سے بری الذمہ کیسے قرار دیا جا سکتا ہے، جب کہ یہی عام لوگ اپنے ووٹ کے ذریعے حکومتیں منتخب کرتے ہیں؟


Nasir Shehzad:

 شاہد بھائی، میں نے پورا مکالمہ پڑھا ہے۔ اس میں کئی اہم سوالات ہیں، لیکن اے آئی کے آخری جواب میں کچھ علمی اور شماریاتی کمزوریاں بھی ہیں۔


آپ کا بنیادی سوال یہ تھا کہ اگر ایک انسان خود ظلم کا شکار رہا ہو اور پھر وہی ظلم کسی دوسرے پر کرے تو کیا صرف آخری مجرم کو سزا دینا کافی ہے؟ یہ ایک سنجیدہ سماجی اور اخلاقی سوال ہے۔ لیکن کسی شخص کا ماضی میں مظلوم ہونا اس کے بعد کیے گئے جرم کا جواز نہیں بن جاتا۔


کولین سلیمر قتل کی براہِ راست متاثرہ تھیں، جبکہ کرسٹا پائک اپنے ماضی کے صدمات کے حوالے سے خود بھی متاثرہ رہی ہو سکتی ہیں۔ ایک شخص پہلے مظلوم اور بعد میں کسی دوسرے کے خلاف مجرمانہ فعل کا مرتکب ہو سکتا ہے۔ اس کی سابقہ مظلومیت مقتول کے حقِ انصاف کو ختم نہیں کرتی۔


آپ کا دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا کسی مجرم کو ملنے والی شہرت اور ہمدردی دوسروں کو جرم کی طرف مائل کر سکتی ہے؟ یہ ایک جائز تحقیقی سوال ہے، لیکن اس امکان کو ثابت شدہ حقیقت قرار دینے کے لیے شواہد درکار ہیں۔


اے آئی نے مجموعی جرائم کے اعداد و شمار پیش کیے، مگر یہاں ایک اہم منطقی فرق ہے: مجموعی جرائم میں کمی کا مطلب یہ نہیں کہ ہر قسم کا جرم کم ہوا ہے یا ہر ممکنہ سبب کا اثر ختم ہو گیا ہے۔ ممکن ہے مجموعی شرح کم ہو رہی ہو، لیکن کسی مخصوص قسم کے جرم میں شہرت یا نقل کرنے کے رجحان کا اثر پھر بھی موجود ہو۔


اسی طرح جرائم کی شرح میں کمی کو صرف انسانی حقوق، نرم سزاؤں یا بحالی کے پروگراموں کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس کے لیے مختلف عوامل کا الگ الگ مطالعہ ضروری ہے۔


میرے نزدیک آپ کے بنیادی سوالات تین ہیں: کیا ماضی کے صدمات جرم کی زنجیر بن سکتے ہیں؟ کیا صرف سزا دینا کافی ہے؟ اور کیا مجرم کو ملنے والی شہرت بعض لوگوں کے لیے جرم کا محرک بن سکتی ہے؟ تینوں اہم سوالات ہیں، لیکن ہر ایک کے جواب کے لیے الگ شواہد درکار ہیں۔


اس مکالمے کا اصل اختلاف یہ ہے کہ آپ پوچھ رہے ہیں، ’’قاتل یہاں تک پہنچا کیسے؟‘‘ جبکہ اے آئی زیادہ تر یہ دیکھ رہا ہے کہ ’’قتل ہو جانے کے بعد ذمہ داری کس کی ہے؟‘‘


دونوں سوال ضروری ہیں۔ جرائم کی روک تھام کے لیے ان کے اسباب کو سمجھنا بھی لازم ہے اور جرم کے مرتکب کو جواب دہ ٹھہرانا بھی۔


اس لیے شاہد حسین مکمل طور پر غلط نہیں تھے اور اے آئی بھی مکمل طور پر درست نہیں تھا۔ اے آئی نے بعض مجموعی اعداد و شمار کے ذریعے آپ کے مفروضے کو چیلنج کیا، لیکن آپ کے مخصوص سوال کا مکمل جواب نہیں دیا۔ مزید یہ کہ جنگی جرائم اور ان میں مارے جانے والے عام شہریوں کا سوال بھی الگ سے زیرِ بحث آنا چاہیے تھا۔


Shahid Hussain:

 واہ واہ، بہت خوب!


دراصل میں نے یہ گفتگو میٹا کے اس مفت ورژن سے کی ہے جو فون میں عام دستیاب ہے۔ مگر میرا خیال ہے کہ آپ چند دوستوں کے پاس اے آئی کے پیڈ ورژن بھی موجود ہیں، جو زیادہ حقائق کی بنیاد پر تجزیہ کرتے ہیں۔ 😄😄👍🏼


Shaista Momin:

 ناصر شہزاد نے آپ سے بدلہ لیا ہے! 🤣


میں اب بھی فون چشمے کے بغیر پڑھتی ہوں اور قسم سے، آپ دونوں کی طویل تحریریں پڑھتے پڑھتے حروف آنکھوں کے سامنے سے غائب ہونے لگے تھے۔


سب سے التماس ہے کہ اے آئی کو ذرا کم کم استعمال کریں، اور ہر بار یہ بھی پوچھیں کہ اس گفتگو کے دوران سسٹم کو ٹھنڈا کرنے میں کتنا پانی خرچ ہوا ہوگا؟ 😃


مکالمہ اختتام: 30 ستمبر 2026.

Monday, October 12, 2026

ساز و حساب


 "تعلق میں حساب کتاب محبت کے خاتمے کی علامت ہے، اس لیے عقل کا تقاضا ہے کہ راستہ بدل لیا جائے۔"

ایک فیس بک کے فلسفی دوست کا فرمان۔


ہو سکتا ہے یہ ان کے تجربے یا مشاہدے کا نچوڑ ہو۔ لیکن میں نے زندگی میں یہ دیکھا ہے کہ محبت میں حساب کا عدم توازن ہی دراصل محبت میں کمی اور بالآخر تعلق ٹوٹنے کا سبب بنتا ہے۔


کیونکہ یہاں حساب سے مراد صرف مالی لین دین نہیں۔ یہ تو ہمارے جذبات و احساسات کا تبادلہ ہے، جسے یکطرفہ یا کسی ایک کی ذمہ داری پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔


یہ معاملہ ایک سمفنی، ایک آرکسٹرا کی طرح ہے۔ اس میں کئی وائلن مل کر ایک مسلسل دھن بناتے ہیں، کہیں سیکسو فون کو ایک خاص لمحے پر اپنا کردار نبھانا ہوتا ہے، بڑا ڈرم جذبات کی دھڑکن بنتا ہے اور کہیں پیتل کی دو پلیٹیں ٹکرا کر جھماکے سے جوش یا کچھ ٹوٹنے کی فضا پیدا کرتی ہیں۔ اس سب کو لمحوں اور عددوں میں نہیں ماپا جا سکتا۔


مگر اتنا ضرور ہے کہ آپ اس ساز کی تعریف ان بجتے ہوئے سازوں کے برابر نہیں کر سکتے جو سرے سے بجا ہی نہ ہو۔


اور یہ بات آپ اپنے فیس بکی فلسفی دوست کو اس کی وال پر نہیں سمجھا سکتے۔ وہ ناراض ہو جاتا ہے، اس کے دوست آپ کی ایسی تیسی کر دیتے ہیں۔ سو آپ اس خاموش ساز کی طرح راز چھپائے رہتے ہیں، جسے معلوم ہے کہ اس خاموشی پر بھی کہیں سے داد نہیں ملے گی۔


شاہد حسین

25 اگست 26

Monday, October 5, 2026

Dialogue painting poetry and music


 Painting Poetry and Music 

2 Oct 26.


مصوری موسیقی اور شاعری کا مکالمہ


یہاں دو پینٹنگز دو اشعار کے ساتھ ہمارے سامنے ہیں۔ بائیں جانب ایک تصویر ہے اور دائیں جانب دوسری۔ دونوں میں ایک انسان بھاری بوجھ اٹھائے ہوئے ہے، مگر دونوں کا زمانہ، دونوں کا ملک اور دونوں کا انداز جدا ہے۔ پھر بھی دیکھنے والا ایک لمحے کو رک جاتا ہے، کیونکہ بوجھ اٹھانے کا دکھ دونوں میں ایک جیسا ہے۔


بائیں جانب والی پینٹنگ یونانی اساطیر کے مشہور کردار سیسفس کی ہے۔ یہ شاہکار وینس کے عظیم مصور ٹیشن کا بنایا ہوا ہے، جو اس نے 1548-1549 میں تخلیق کیا تھا۔ آج یہ اصل پینٹنگ اسپین کے مشہور پراڈو میوزیم، میڈرڈ میں موجود ہے۔


اس کی کہانی یوں ہے کہ سیسفس ایک بہت چالاک بادشاہ تھا، اس نے موت کے دیوتا کو بھی دھوکہ دے دیا تھا۔ اس دھوکے کی سزا کے طور پر یونانی دیوتاؤں نے اسے یہ عذاب دیا کہ وہ ایک بھاری پتھر کو پہاڑ کی چوٹی تک لے جائے، اور جیسے ہی وہ اوپر پہنچے پتھر دوبارہ نیچے لڑھک جائے۔ یہ عمل ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جاری رہے گا۔


ٹیشن نے سیسفس کے جسم کو مائیکل اینجلو کے انداز میں بہت طاقتور اور تکلیف میں دکھایا ہے۔ اندھیرا پس منظر، نیچے دوزخ کا ماحول اور کندھوں پر دھرا بھاری پتھر، یہ سب انسان کی لامتناہی جدوجہد، بے بسی اور محنت کی علامت بن جاتے ہیں۔


بعد میں فلسفی البرٹ کامیو نے اسی کہانی پر لکھا تھا کہ ہمیں سیسفس کو خوش تصور کرنا چاہیے۔ یعنی بے معنی لگنے والی محنت میں بھی انسان اپنے معنی خود تلاش کر لیتا ہے۔


جبکہ پینٹنگ میں موجود کیفیت کو ہم میر تقی میر کے اس شعر میں بھی دیکھ سکتے ہیں


عشق اک میر بھاری پتھر ہے

کب یہ تجھ ناتواں سے اٹھتا ہے


میر عشق کو سیسفس کے اسی بھاری پتھر سے تشبیہ دیتے ہیں۔ وہ خود سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ یہ بوجھ تیرے جیسے ناتواں سے نہیں اٹھے گا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ سیسفس کو یہ سزا دی گئی تھی، جبکہ عاشق یہ پتھر خود اپنے دل پر رکھ لیتا ہے۔

اسی غزل کو ایک عظیم فنکار مہدی حسن صاحب نے اپنے موسیقی سے ترتیب دی ہوئی غزل میں بھی میر کے جذبات کو درجہ کمال پر بیان کرتے ہوئے گایا ہے ۔ 


اب ذرا دائیں جانب والی تصویر دیکھیے۔ یہ ہمارے اپنے عظیم فنکار صادقین کی بنائی ہوئی ہے۔ یہ ان کی مشہور غالب سیریز کا حصہ ہے۔ اس پر مرزا غالب کا یہ شعر درج ہے


گو میں رہا رہین ستم ہائے روزگار

لیکن ترے خیال سے غافل نہیں رہا


غالب کی اس غزل کو بھی مہدی حسن صاحب نے اسے اپنی موسیقی کی زبان میں ادا کیا ہے ۔ 


جبکہ اس پینٹنگ کے بارے میں صادقین صاحب کے بھتیجے اور ان کے فن کی نگہداشت کرنے والے سلطان احمد صاحب یوں فرماتے ہیں۔ ان کی گفتگو یہاں پیش کی جا رہی ہے۔


السلام علیکم شاہد صاحب۔ ابھی واٹس ایپ گروپ دیکھ رہا تھا تو آپ کی پوسٹ کردہ ٹیشن کی مصوری اور اس کی تفصیلات نظر سے گزریں۔ اسے دیکھتے ہی مجھے چچا جان یعنی صادقین صاحب کا بنایا ہوا ایک شاہکار یاد آ گیا، جس کا موضوع اور اسلوب اس سے بے حد ملتا جلتا ہے، اگرچہ دونوں کی تشریح میں فرق ہے۔


مصوری میں ستم ہائے روزگار کی عکاسی وزنی پتھر، ہتھوڑے اور کدال جیسے اوزاروں سے کی گئی ہے، جو دراصل تیشے کے اسی مفہوم سے جا ملتے ہیں جس کا ذکر غالب نے اپنے اس شعر میں بھی کیا ہے


تیشے بغیر مر نہ سکا کوہکن اسد

سرگشتہ خمار رسوم و قیود تھا


تصویر میں دکھایا گیا بھاری پتھر مصائب روزگار کی علامت ہے، جبکہ ایک گوشے میں کھلا ہوا چھوٹا سا پھول محبوب کے خیال کی علامت ہے۔ یعنی حالات کی تمام سختیوں کے باوجود محبوب کی یاد دل میں پھول کی طرح تروتازہ رہتی ہے۔


فنکار چاہے شاعر ہو، نغمہ نگار ہو یا مصور، بنیادی احساسات سب کے ایک جیسے ہوتے ہیں، صرف اظہار کا انداز ایک فنکار کو دوسرے سے جدا کرتا ہے۔ غالب نے بھی یہی کہا تھا


ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے

کہتے ہیں کہ غالب کا ہے انداز بیاں اور


اسی بات کو سیف الدین سیف نے بھی خوب کہا ہے


سیف انداز بیاں رنگ بدل دیتا ہے

ورنہ دنیا میں کوئی بات نئی بات نہیں


یہ محض میرا ایک زاویہ نظر ہے۔ اگر مناسب سمجھیں تو تصحیح کے بعد گروپ میں شیئر کر سکتے ہیں۔


طالب دعا، سلطان احمد


تو دوستو، دیکھیے یہ کتنی خوبصورت بات ہے۔ تمام فنون انسان کی مختلف حسوں کی طرح ہم پر اثر ڈالنے کے لیے الگ الگ راستے اپناتے ہیں، مگر کہیں کوئی چھٹی یا ساتویں حس ایسی بھی ہے جہاں یہ سب فن ایک ہو جاتے ہیں۔ ہم انہیں پھر آپس کے امتزاج کے ساتھ برتتے اور سمجھتے ہیں۔


ٹیشن کا سیسفس ہو یا صادقین کا مزدور، میر کا بھاری پتھر ہو یا غالب کا ستم ہائے روزگار،

یا پھر موسیقی میں گائی ہوئی بات ، 

سب میں بات ایک ہی ہے۔ انسان بوجھ اٹھاتا ہے، تھکتا ہے، گرتا ہے، پھر اٹھتا ہے اسے کسی نہ کسی طور اظہار کرتا ہے اور اسی اظہار کے اٹھنے میں اس کی عظمت ہے۔


شاہد حسین

2 اکتوبر 2026

Nuremberg Chronicle

 


Nuremberg Chronicle 1493.


وہ کتاب جو دنیا کو اپنے اندر سمولے ہوئے تھی: نورمبرگ کی تواریخ، گوئتھک دور کے آخری سنگم کی گواہ .

تحریر:

 Luis Felipe Valdez 

(اردو ترجمہ و اضافہ شاہد حسین اے آئی کی مدد سے)


نورمبرگ کی تواریخ کو ہم آخری گوئتھک دور 

(Late Gothic) 

کی عظیم ترین کتابوں میں سے ایک کہہ سکتے ہیں، اور یہی اس کی سب سے درست پہچان ہے۔ یہ کتاب گوئتھک اور نشاۃ ثانیہ (Renaissance) کے سنگم پر کھڑی ہے، گویا گوئتھک دور کی آخری عظیم تصنیف جو نشاۃ ثانیہ کے دروازے پر کھڑی ہو کر پیچھے مڑ کر دیکھ رہی ہے۔ اس کا زمانہ (1493)، اس کا فن، اور اس کی سوچ تینوں اسے گوئتھک دور سے جوڑتے ہیں، جبکہ چھاپہ خانے کی ٹیکنالوجی اور انسانی تجسس اسے نئے دور سے ملاتے ہیں۔


تصور کیجیے ایک ایسی کتاب جو اینٹ جتنی بھاری ہو، جس کی اونچائی تقریباً آدھا میٹر ہو، اور جسے کھولتے ہی آپ کی آنکھوں کے سامنے صرف الفاظ نہیں بلکہ لکڑی پر چھینی سے تراش کر بنائی گئی تصویروں میں ایک پوری کائنات کھل جائے۔ ایک ایسی جلد جو تخلیق کے پہلے دن سے لے کر قیامت تک پوری انسانی تاریخ کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہو، جس میں بادشاہ، پیغمبر، دور دراز زمینوں کے عجیب الخلقت اور ایسے شہر ہوں جن کا کبھی وجود ہی نہیں تھا جیسا انہیں تصور کیا گیا تھا۔ ایسی کتاب واقعی موجود ہے، اس کا نام ہے نورمبرگ کی تواریخ اور یہ 1493 میں چھپی تھی، جب چھاپہ خانہ ابھی اپنی ابتدائی زبان بولنا سیکھ رہا تھا اور پھر بھی اتنی عظیم الشان تصنیف پیش کرنے کے قابل ہو چکا تھا کہ آج بھی اسے ہاتھ میں تھامنے والا حیران رہ جاتا ہے۔


یہ کوئی عام پرانی تاریخ نہیں اور نہ صرف قدیم اشیاء جمع کرنے والوں کی شے ہے، بلکہ وقت کا ایک خزانہ ہے جو اس یورپ کی ذہنیت کو قید کیے ہوئے ہے جو قرون وسطیٰ کو الوداع کہہ رہا تھا اور ڈر اور تجسس کے ساتھ ایک نئی دنیا میں جھانک رہا تھا۔ اس کے صفحات، جو ایک ہزار آٹھ سو سے زیادہ لکڑی پر تراشی گئی تصویروں سے مزین ہیں، ہمیں ایمان، خوف، حیرت اور انسان کی اس ناقابل تسکین پیاس کی کہانی سناتے ہیں کہ وہ بیان کرے اور خود کو سمجھے۔


نورمبرگ کی تواریخ، جس کا اصل لاطینی نام

 Liber Chronicarum 

ہے اور جرمن میں اسے

 Die Schedelsche Weltchronik

 کہا جاتا ہے، پندرہویں صدی کے سب سے غیر معمولی ابتدائی مطبوعات میں سے ایک ہے۔ یہ 1493 میں چھپی، یعنی جدید چھاپہ خانے کی ایجاد کے صرف چالیس سال بعد۔ یہ کتاب بیک وقت دو زبانوں میں تیار کی گئی: ایک لاطینی میں جو 12 جون 1493 کو چھپی، اور دوسری جرمن میں جو 23 دسمبر کو چھپی۔ اس دوہری اشاعت نے کتاب کو پورے یورپ میں پھیلنے میں مدد دی۔


اس عظیم منصوبے کی بنیاد سیبالڈ شرائر اور اس کے بہنوئی سیباسٹین کامرمائسٹر نے رکھی۔ اس کام کے لیے انہیں آنٹون کوبرگر سے رجوع کرنا پڑا، جس کا چھاپہ خانہ اس وقت کا سب سے بڑا تھا۔ لاطینی متن کی تالیف نورمبرگ کے طبیب ہارٹمن شیڈل نے کی، اور گیورگ آلٹ نے اس کا جرمن میں ترجمہ کیا۔ تصویروں کی ذمہ داری مائیکل وولگے موٹ اور ان کے داماد ولہیلم پلائیڈن ورف کے سپرد تھی۔ وولگے موٹ مشہور مصور تھے اور البرشت ڈیورر کے استاد بھی تھے۔ ڈیورر کا بطور شاگرد اسی کارخانے میں موجود ہونا اس کتاب کو مزید وقار بخشتا ہے۔


نتیجہ تقریباً چھ سو صفحات پر مشتمل ایک کتاب تھی، تقریباً 44 ضرب 67 سینٹی میٹر سائز میں، جو 1804 لکڑی پر تراشی گئی تصویروں سے مزین تھی۔ ان تصویروں کے لیے صرف 652 تختیاں تراشی گئیں، کیونکہ بہت سی تصویریں بار بار استعمال ہوئیں۔ اس زمانے میں کئی بار تصویر کا مقصد قاری کی توجہ بڑھانا بھی تھا، اور یہ ضروری نہیں سمجھا جاتا تھا کہ وہ مخصوص متن کی عکاسی کرے۔


اس کتاب کا فن خالص گوئتھک ہے۔ لکڑی پر تراشی گئی تصویروں کا انداز، حروف کی بناوٹ، اور مذہبی موضوعات سب گوئتھک فن کی پہچان ہیں۔ اسی طرح اس کی سوچ و فکر بھی گوئتھک ہے: تاریخ کو سات ادوار میں بانٹنا، قیامت کا خوف، عجیب الخلقت قوموں پر یقین، اور نامعلوم دنیا کا ڈر، یہ سب قرون وسطیٰ کے اندازِ فکر کی عکاسی کرتے ہیں۔


کتاب کا مواد تخلیق سے لے کر 1492 تک انسانی تاریخ کی تصویری داستان ہے۔ یہ تاریخ کو چھ ادوار میں تقسیم کرتی ہے اور ساتواں دور قیامت کا ہے۔ پہلا دور تخلیق سے طوفان نوح تک، دوسرا نوح سے ابراہیم تک، تیسرا ابراہیم سے داؤد تک، چوتھا داؤد سے بابل کی جلاوطنی تک، پانچواں بابل سے مسیح کی پیدائش تک، چھٹا مسیح کی پیدائش سے 1492 تک، اور ساتواں دنیا کے خاتمے اور قیامت کا منظر۔


کتاب کے دیباچے میں تخلیق کا دن بہ دن بیان ہے۔ ساتویں دن کی تصویر میں مسیحی کائنات دکھائی گئی ہے جس میں افلاطون کے چار عناصر کا نظریہ بھی شامل ہے۔ زمین مرکز میں ہے، بطلیموسی نظام کے مطابق، اس کے گرد پانی، ہوا اور آگ کے دائرے ہیں، پھر سیاروں کے دائرے اور آخر میں ستارے۔ کل دس دائرے ہیں جن کے گرد فرشتوں کا حلقہ ہے۔


کتاب کی ایک نمایاں خصوصیت اس کا عالمی نقشہ ہے، جس کے حاشیے میں دنیا کے انتہائی کناروں پر رہنے والی عجیب الخلقت قوموں کی تصویریں ہیں: بہت سے بازوؤں والے انسان، چھ انگلیوں والا، قنطورس، چار آنکھوں والا، دو جنسی خصوصیات والا انسان، لمبی گردن اور چونچ والا انسان۔ اس زمانے میں ان مخلوقات کے وجود پر واقعی یقین کیا جاتا تھا۔ یہ انسان کے نامعلوم کے خوف کا اظہار تھیں، بالکل ویسے ہی جیسے اس دور کے نقشوں پر لکھا ہوتا تھا: "Hic Sunt Dracones" یعنی "یہاں اژدھے ہیں"۔


اپنی مہنگی قیمت کے باوجود یہ کتاب اپنے زمانے کی بیسٹ سیلر تھی۔ غیر جلد بند نسخہ ساڑھے تین فلورن اور جلد بند رنگین نسخہ آٹھ فلورن کا تھا۔ اندازہ ہے کہ لاطینی کے 1400 سے 1500 اور جرمن کے 700 سے 1000 نسخے چھپے تھے۔ آج تقریباً 400 لاطینی اور 300 جرمن نسخے باقی ہیں، جو دنیا بھر کے عجائب گھروں اور کتب خانوں میں بکھرے ہوئے ہیں۔


اپنے 600 صفحات میں 1800 سے زیادہ تصویروں کے ساتھ یہ پندرہویں صدی کی سب سے زیادہ تصویروں والی کتاب ہے۔ اس میں جرمنی کے ابتدائی چھپے ہوئے نقشوں میں سے ایک اور یروشلم کی قدیم ترین چھپی ہوئی تصویر شامل ہے۔ ناشر آنٹون کوبرگر نے کتاب کے ساتھ لکھا تھا:

 "جا کتاب، جا اور جہاں ہوا آزاد بہتی ہے وہاں پہچانی جا۔ تجھ جیسی کوئی چیز پہلے کبھی نہیں چھپی۔ ہزاروں ہاتھ تجھے شوق سے تھامیں گے اور بڑی توجہ سے پڑھیں گے۔"


یہی وجہ ہے کہ نورمبرگ کی تواریخ صرف ایک کتاب نہیں، بلکہ گوئتھک دور کے خاتمے کی گواہ ہے، ایک ایسا زندہ وجود جو اپنے ہر صفحے میں تاریخ، فن اور اسرار کی سانسیں لیتا ہے۔


5 اکتوبر 2026